نئی دہلی،31اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)گورکھپور کے بابا راگھوداس میڈیکل کالج کے ڈاکٹر راجیو مشرا اور ان کی بیوی پورنما شکلا کو 14دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔انہیں میڈیکل کالج میں آکسیجن نہ ملنے سے 30بچوں کی موت کے معاملے میں معطل کر دیا گیا تھا، اس کے بعد انیہں ایس ٹی ایف نے کانپور سے گرفتار کیا تھا۔کانپورکی عدالت نے ٹرانزٹ ریمانڈ کے بعد رات گورکھپور لایا گیا جہاں پولیس نے کافی دیرتک پوچھ تاچھ کی۔
اس معاملے میں یوپی کے چیف سکریٹری راجیو کمار نے اپنی رپورٹ میں میڈیکل کالج کے پرنسپل راجیو مشرا، ان کی بیوی ڈاکٹر پورنما شکلا، 100بستروں کے وارڈ کے انچارج ڈاکٹر کفیل اور اینیستھیسیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر ستیش سمیت 9افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی سفارش کی تھی۔ پرنسپل ڈاکٹر راجیو مشرا کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 308، 409،120بی اور بدعنوانی سراغ رساں ایکٹ کی دفعہ 7/13کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ان کے او پربچوں کی موت، رشوت اور سازش کرنے کے الزامات ہیں۔وہیں ڈاکٹر راجیو مشرا کی بیوی پورنما شکلا جو اسی میڈیکل کالج میں ڈاکٹر ہیں، ان کے خلاف بھی بدعنوانی سراغ رساں ایکٹ کے تحت 7/13اور تعزیرات ہند کی دفعہ 120بی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔